پاکستان

نواز لیگ دفتر حملہ کیس: صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر استغاثہ کو25 جنوری تک مہلت

مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی خاتون رکن کی درخواست ضمانت پر سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کی۔
|

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کی خاتون کارکن صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر پراسیکیوشن کو دلائل کے لیے 25 جنوری تک کی مہلت دے دی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے کے مقدمے میں صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کی۔

عدالت نے پراسکیوشن کو دلائل کے لیے 25 جنوری تک مہلت دے دی، تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے صنم جاوید کے خلاف مقدمہ درج کررکھا ہے۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

قاسم سوری کیخلاف کیوں نہ آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے، چیف جسٹس

پاک-نیوزی لینڈ ٹی20 سیریز: ’پاکستان نے مسلسل سب سے زیادہ میچز ہارنے کا اپنا ہی ریکارڈ برابر کردیا‘

ثنا جاوید اور شعیب ملک کے درمیان چند سال سے ’تعلقات‘ تھے، نجی ٹی وی کا دعویٰ