پاکستان

پاک-افغان طورخم بارڈر پر 10 دن کی بندش کے بعد تجارتی سرگرمیاں بحال

طورخم بارڈر گزشتہ دس دن سے درآمدات و برآمدات کے لیے بند تھا، دونوں ممالک کے مذاکرات کے بعد طورخم گیٹ دو طرفہ تجارت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

پاک افغان طورخم بارڈر درآمدات و برآمدات کے لئے 10 دن بعد کھول دیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پاک افغان بارڈر طور خم گیٹ آج گیارہویں روز تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

طورخم بارڈر گزشتہ دس دن سے درآمدات و برآمدات کے لیے بند تھا، دونوں ممالک کے مذاکرات کے بعد طورخم گیٹ دو طرفہ تجارت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

پاک افغان بارڈر پاکستان کی جانب سے ڈرائیورز پر پاسپورٹ اور ویزا کی شرط لاگو کیے جانے کے باعث بند کیا گیا تھا۔

بندش کے دوران دونوں اطراف پھل اور سبزیوں سے بھری ہزاروں گاڑیاں کھڑی رہیں، بارڈر کی بندش کے باعث گاڑیوں میں موجود پھل اور سبزیاں خراب ہونےلگی تھیں۔

حکومت پاکستان پاک افغان طورخم بارڈرکو مین سٹریم میں لانے اورپاسپورٹ ویزے کے نظام کو لاگو کررہی ہے تو دوسری طرف ٹرانسپورٹرز بارڈر پر اسٹیکر ویزے کی سہولت اور بارڈر جلد از جلد کھولنے کا مطالبہ کررہے تھے۔