ملکی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ کی سہ ماہی کارکردگی رپورٹ جاری
آرٹیکل 19 (اے) کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے، اسی لیے پہلی بار کارکردگی رپورٹ جاری کی جارہی ہے، سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار سہ ماہی کارکردگی رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کردی۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 19 (اے) کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے، اسی لیے پہلی بار کارکردگی رپورٹ جاری کی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے ستمبر 2023 سے دسمبر 2023 کے عرصے میں 859 مقدمات نمٹائے۔
17 ستمبر کو زیر التوا کیسز کی تعداد 56 ہزار 503 تھی جوکہ 16 دسمبر کو 55 ہزار 644 رہ گئی۔
سہ ماہی رپورٹ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد بڑھنے پر تنقید ہوتی ہے لیکن تمام حقائق بتائے نہیں جاتے۔
سپریم کورٹ نے سہ ماہی رپورٹ میں نمٹائے گئے آئینی مقدمات سمیت اندرونی کارکردگی کی تفصیلات بھی شامل کی ہیں۔