پاکستان

ہم نے ملک کو بحران سے بچانے کیلئے اپنی سیاست داؤ پر لگائی، حمزہ شہباز

4 سالوں میں بانی پی ٹی آئی نے ملک کا تختہ ہی الٹ دیا، معیشت کا جنازہ نکال دیا، نائب صدر مسلم لیگ (ن)

مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان کی ترقی کو اپنا مقصد بنایا اور ملک کو بحران سے بچانے کے لیے اپنی سیاست داؤ پر لگائی۔

لاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہاز نے کہا کہ ’انتخابی دفتر کا افتتاح کرنے کے لیے آیا ہوں لیکن آپ کے جذبے نے جلسے کا سماں بنا دیا ہے، 8 فروری کا الیکشن ملک تقدیر کا فیصلہ کرے گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’4 سالوں میں بانی پی ٹی آئی نے ملک کا تختہ ہی الٹ دیا، معیشت کا جنازہ نکال دیا، نوجوانوں میں بےروزگاری بڑھی، آج عوام بڑھتی مہنگائی سے تنگ ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان کی ترقی کو اپنا مقصد بنایا، اگر ہم بھی چاہتے تو تماشا دیکھتے رہتے، لیکن ہم نے ملک کو بحران سے بچانے کے لیے اپنی سیاست داؤ پر لگائی، ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور آئی ایم ایف پروگرام کو بحال کیا‘۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ ’مجھے آپ کے مسائل محسوس ہوتے ہیں، گیس و بجلی کے بل پر گھر میں پریشانی ہے، ڈالر آج 280 روپے کا ہے، (ن) لیگ کے دور میں 105 روپے کا ہوتا تھا، آج بجلی کا یونٹ 60 روپے ہے ہمارے دور میں 7 روپے تھا‘۔