پاکستان

9 مئی کیسز: عمران خان کی عبوری ضمانتیں مسترد کرنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 23 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا، انہوں نے اپنے وکیل کی وساطت سے ضمانتیں خارج کرنے کا اقدام چیلنج کر رکھا ہے۔

9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی عبوری ضمانتیں مسترد کرنے کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر ہوگئی ہے جب کہ عمران خان جلاؤ گھیراؤ توڑ پھوڑ اور حساس عمارتوں پر حملوں کے 12 مقدمات میں نامزد اور جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ 23 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل کی وساطت سے ضمانتیں خارج کرنے کا اقدام چیلنج کر رکھا ہے ۔

عمران خان نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں قانون کے منافی ضمانتیں خارج کی ہیں۔

انہوں نے استدعا کی کہ لاہورہائی کورٹ انسدادِ دہشت گردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

سونے کی قیمتوں میں 300 روپے کا اضافہ

پشاور: ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی، غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

بیٹی نے خلع لی تھی، والد ثانیہ مرزا