شدید دھند کے باعث ملک بھر میں قومی ایئرلائن کا فلائٹ شیڈول متاثر
شدید دھند کے باعث ملک بھر میں قومی ایئرلائن کا فلائٹ شیڈول درہم برہم ہوگیا ہے۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق شدید دھند کے باعث اسلام آباد میں آج 19 پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 7 کو متبادل ایئرپورٹس منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں جاری دھند کے باعث پی آئی اے کا فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے۔
آج اسلام آباد میں جاری شدید دھند کے باعث پرواز کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے، اسلام آباد میں دن 12 بجے بھی حد نگاہ 150 میٹر سے کم رہی جو کہ ائیربس 320 کی پروازوں کے لیے غیر محفوظ ہے۔
مزید کہا کہ اسلام آباد آنے والی پروازیں، پی کے 182 شارجہ، پی کے 162 ابوظبی اور پی کے 168 القصیم تا اسلام آباد کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے اسکردو کی پرواز پی کے 451/452، دبئی کی پرواز پی کے 211/212، 233 منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق دبئی تا لاہور کی پروازیں پی کے 236 اور ریاض تا لاہور کی پرواز پی کے 726 کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی زحمت کم از کم کرنے کے لیے اقدامات کیے، موسم میں بہتری نہ ہونے کے باعث مسافروں کو فوری معلومات فراہم کرنے اقدامات شامل ہیں، جن میں متبادل کنکشن دینے اور ہوٹل قیام کا بندوبست بھی ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ مسافر اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کے لیے پی آئی اے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں، پی آئی اے انتظامیہ اپنے تمام مہمانوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مزید کہا کہ دھند موسمی عمل ہے، اور یہ پی آئی اے کی بساط سے باہر ہے، لہذا مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ دھند میں پروازیں آپریٹ کرنے پر اصرار نہ کریں۔
ترجمان نے بتایا کہ فضائی حفاظت تمام چیزوں پر مقدم ہے، تاخیر یا منسوخی کی کوفت ضرور ہے مگر انسانی جانوں سے اہم نہیں۔