لائف اسٹائل

سینیئر اداکار طلعت حسین شدید علیل، بستر تک محدود ہوگئے

ڈراموں، فلموں، ریڈیو اور تھیٹر کے معروف ایوارڈ یافتہ اداکار طلعت حسین زائد العمری سمیت دیگر پیچیدگیوں کے باعث شدید...

ڈراموں، فلموں، ریڈیو اور تھیٹر کے معروف ایوارڈ یافتہ اداکار طلعت حسین زائد العمری سمیت دیگر پیچیدگیوں کے باعث شدید علیل ہوکر بستر تک محدود ہوگئے۔

طلعت حسین کی عمر 80 سال سے زائد ہے اور انہوں نے فنون لطیفہ کو نصف صدی دی ہے، یعنی انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کو دی۔

طلعت حسین نے 1970 سے قبل کم عمری میں ہی اداکاری شروع کردی تھی لیکن انہیں 1970 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔

لندن سے تعلیم حاصل کرنے والے طلعت حسین نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے برطانوی ٹی وی سمیت بولی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔

طلعت حسین طویل العمری سمیت دیگر طبی پیچیدگیوں کے باعث کچھ سال سے اسکرین سے دور ہیں اور اب وہ انتہائی علیل ہوکر بستر اور ویل چیئر تک محدود ہوگئے۔

موقر اخبار جنگ کے مطابق طلعت حسین کی شریک حیات رخشندہ طلعت کے مطابق بہت زیادہ سگریٹ نوشی کرنے کی وجہ سے ان کے شوہر کے پھیپھڑے کمزور ہوچکے ہیں، جن میں بار بار پانی بھر جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پھیپھڑوں سے پانی نکالنے کے لیے انہیں متعدد بار ہسپتال منتقل کیا گیا اور کمزوری کی وجہ سے وہ گھر میں گر بھی پڑے تھے، جس وجہ سے اب وہ ویل چیئر اور بستر تک محدود ہوچکے ہیں۔

رخشندہ طلعت کے مطابق ڈاکٹرز نے اداکار کو گھر میں ہی رکھنے کی تجویز دی، جس کے لیے اب ان کی دیکھ بھال کے لیے میل نرس کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں لیکن پیچیدگیوں کی وجہ سے وہ انتہائی علیل ہوچکے ہیں۔

اداکار کی اہلیہ کے مطابق ان کے شوہر نے فن کو پوری زندگی دی اور اب ان کے علاج پر اچھا خاصا خرچ ہو رہا ہے، اگر حکومت کا ثقافتی ادارہ مدد کرنا چاہے تو وہ انکار نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکومت سمیت کسی سے بھیک نہیں مانگیں گے لیکن حکومت کا فرض ہے کہ پوری زندگی فن کو دینے والے شخص کا علاج کروائے۔

طلعت حسین کے شدید علیل ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداح پریشان ہوگئے اور انہوں نے حکومت سے ان کا علاج کروانے کا مطالبہ کیا۔

پہلی بار ساس بنی تو چیزیں سمجھ نہیں آ رہی تھیں، اب غلطی نہیں ہوگی، صبا فیصل

منال خان کی جسامت پر تنقید کرنے والوں کو نوشین شاہ کا کرارا جواب

کیٹ مڈلٹن کی سرجری کردی گئی