پاکستان

عمران خان پر حملے کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد میں حملے کے ملزم وقاص علی کی ضمانت بعدازگرفتاری پر فیصلہ محفوظ کیا ہے۔
|

لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے حملےکے الزام میں گرفتار ملزم کیدرخواست بعد از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد ملزم وقاص علی کی ضمانت بعدازگرفتاری پر فیصلہ محفوظ کیا، ملزم پر بانی پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد میں حملے کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ فروری 2023 میں پنجاب کے ضلع گجرانوالا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان پر وزیر آباد پر حملے کے کیس میں نامزد ملزم احسن کی درخواست ضمانت منظور جب کہ وقاص کی درخواست مسترد کردی تھی۔

گوجرانوالا کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کیس میں نامزد ملزم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی سیکریٹری اطلاعات کے بھائی احسن اور دوسرے ملزم وقاص کی درخواست ضمانت پر سماعت کرکے فیصلہ محفوظ کیا، بعد ازاں 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض احسن کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جبکہ دوسرے ملزم وقاص کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران پنجاب کے علاقے وزیر آباد میں مسلح شخص کی فائرنگ سے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت متعدد رہنما زخمی اور ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔

بعد ازاں عمران خان کی جانب سے وفاقی وزیرداخلہ سمیت اعلیٰ حکام پر الزامات عائد کیے تھے اور مقدمہ درج کرنے پر تنازع پیدا ہوا تھا تاہم پولیس کی مدعیت میں حملے کا مقدمہ درج کردیا گیا تھا۔

واقعے کی ایف آئی آر 7 نومبر کو درج کی گئی تھی جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت 3 نومبر کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی تھی۔

اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس 531 پوائنٹس گر گیا

مجھ میں ہر طرح کے جذبات کُوٹ کُوٹ کر بھرے ہوئے ہیں، سجل علی

پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان