صدارتی دوڑ میں امریکی صدر جو بائیڈن کے مد مقابل آنے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑی کامیابی
ریاست آئیووا میں ووٹنگ کے دوران سابق صدر 70 فیصد ووٹوں کے ساتھ سر فہرست رہے، ری پبلکن پارٹی میں رنر اپ امیدوار کے لیے ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست آئیووا کے کاکسز میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے نومبر میں ہونے صدارتی انتخابات میں امریکی صدر جو بائیڈن کو چیلنج کرنے کے لیے بطور ریپبلکن امیدوار اپنی حیثیت کو مزید مستحکم کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سخت سردی کے باوجود آئیوا کاکس میں ری پبلکن پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے نومبر کے صدارتی الیکشن میں اپنا امیدوار چننے کے لیے بحث و مباحثے میں حصہ لیا اور ووٹ ڈالے۔
ووٹنگ کے دوران سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ 70 فیصد ووٹوں کے ساتھ سر فہرست رہے جب کہ ری پبلکن پارٹی میں رنر اپ امیدوار کے لیے ووٹنگ آئندہ ہفتے نیو ہیمپشائر میں ہوگی۔