پاکستان

سابق حکمران عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ کر خود عیش کی زندگیاں گزار رہے ہیں، پرویز خٹک

سابق حکمرانوں نے عوام کو مختلف نعروں پر دھوکا کیا، ہر دور حکومت میں اتنا قرضہ لیا گیا کہ سو سال میں ختم کرنا مشکل ہے، چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے عوام کو مختلف نعروں پر دھوکا کیا، ہر دور حکومت میں اتنا قرضہ لیا گیا کہ سو سال میں ختم کرنا مشکل ہے، عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ کر خود عیش کی زندگیاں گزار رہے ہیں۔

چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہمیشہ عام آدمی کی عزت کو ترجیح دی ہے، اپنے دور حکومت میں تھانوں، پٹوار خانوں، ہسپتالوں و دیگر میں اصلاحات کیں جس کی کارکردگی آپ کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کے علاج معالجے کے لیے صحت کارڈ جیسا کارنامہ سرانجام دیا جو مدتوں یاد رہے گا، صحت کارڈ سے غریب افراد مفت لاکھوں روپے کا علاج کرا سکتے ہیں، بی آر ٹی جیسا منصوبہ پایا تکمیل تک پہنچایا جس سے عوام کو سہولت میسر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ کے لیے بھی اپنے منشور میں ایسا کوئی وعدہ نہیں کیا جو کل کو پورا نہ کر سکوں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے عوام کو مختلف نعروں پر دھوکا کیا، ہر دور حکومت میں اتنا قرضہ لیا گیا کہ سو سال میں ختم کرنا مشکل ہے، عوام کو بے یارو مددگار چھوڑ کر خود عیش کی زندگیاں گزار رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باریاں بانٹنے والوں کو بھی انتخابات میں منہ کی کھانا پڑے گی، 8 فروری کو 24 کروڑ افراد کو مقروض کرنے والوں کے احتساب کا دن ہوگا۔