پاکستان

سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر

ہمارے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں لکھا ہوا ہے کہ ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور وہ سوشل میڈیا پر اپنے نشان سے متعلق بتائیں گے، رہنما پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کرے گی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کے حقوق متاثر ہوئے ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ آخری ہے اس پر عمل کریں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بلے کا نشان نہ دینے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے، بلے کا انتخابی نشان نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بھی دکھ ہوا لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انتخابی نشان نہ ہونے پر ہارس ٹریڈنگ کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، ہمارے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں لکھا ہوا ہے کہ ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور وہ سوشل میڈیا پر اپنے نشان سے متعلق بتائیں گے‘۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’تین دن کےاندر پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹس سے اپنے امیدواروں کا بتائیں گے۔‘

اپنے گھر پر پولیس کے چھاپے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’آئی جی صاحب نے کمٹمنٹ کی ہے، کچھ لوگ معطل بھی کیے گئے ہیں‘۔