پشاور ہائیکورٹ: بچوں کے بھیک مانگنے پر قابو نہ پانے کی صورت میں وزیر اعلیٰ کو طلب کرنے کا عندیہ
رات 9 بجے کے بعد بچے سڑک پر نظر نہیں آنے چاہئیں، اس مسئلے کو ٹھیک نہیں کیا تو ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کو بلاتا ہوں، چیف جسٹس ابراہیم خان
پشاور ہائی کورٹ نے بچوں کے بھیک مانگنے پر قابو نہ پانے کی صورت میں وزیر اعلیٰ کو عدالت طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سڑکوں پر رات کے وقت بچوں کے بھیک مانگنے کے معاملے پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے سماعت کی۔
اسسٹنٹ کمشنر اور زمونگ کوور کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ روزی کمانے کا بھی ایک وقت ہوتا ہے، رات 9 بجے کے بعد بچے سڑک پر نظر نہیں آنے چاہئیں، اس مسئلے کو ٹھیک نہیں کیا تو ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کو بلاتا ہوں۔
چیف جسٹس محمد ابراہیم خان نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا توآرڈر میں لکھوں گا کہ انتظامیہ بھی حصہ دار ہے، مزید ریمارکس دیے کہ اگر مسئلے پر قابو نہیں پایا گیا تو وزیر اعلیٰ کو طلب کریں گے۔
عدالت نے سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی۔