مجھے ہدایات ملی ہیں توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی جائے، لطیف کھوسہ
رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ مجھے ہدایات ملی ہیں کہ الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی جائے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے عوام کی عدالت میں جانا چاہتے ہیں، مجھے ہدایات ملی ہیں، درخواست واپس لے لی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، تحریک انصاف کا شیرازہ ہی بکھیر دیا گیا، پوری ایک جماعت کو پارلیمان سے باہر کرکے پابندی لگائی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے روکا گیا، ایم پی او لگا کر ہمارے امیدواروں کوگرفتار کیا گیا۔
لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ہمیں آج تک جلسوں کی اجازت نہیں دی گئی، ہمارے ساتھ بلے کے نشان پر تماشہ ہوا، الیکشن کی آمد پر ہمارا انتخابی نشان چھین لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اکبر ایس بابر پی ٹی آئی کے ادنیٰ کارکن کے مقابلے میں بھی نہیں ٹھہر سکتا۔