پاکستان

انتخابات ملتوی کرانے کیلئے سینیٹر دلاور خان کا چیئرمین سینیٹ کو خط

سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد منظور کی، الیکشن کمیشن نےتاحال انتخابات ملتوی کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے، خط کا متن
|

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر دلاور خان نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط لکھ دیا۔

’ڈان نیوز ’ کے مطابق سینیٹر دلاور خان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، الیکشن کمیشن نےتاحال انتخابات ملتوی کرنے کے لیے اقدامات نہیں کیے۔

سینیٹر کی جانب سے لکھے گئے خط میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سینیٹ میں منظور کردہ قرارداد میں نشاندہی کیے گئے تحفطات پر توجہ دینی چاییے تھی۔

خط کے متن کے مطابق مسائل حل کیے بغیر صاف شفاف انتخابات کے انعقاد پر سمجوتہ نظر آرہا ہے، میری قرارداد پر عملدر آمد کی موجودہ صورت حال معلوم کی جائے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ یقینی بنایا جائے کہ 8 فروری کے انتخابات ملتوی کیے جائیں اور ایسے حالات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک بھر سے لوگ الیکشن سرگرمیوں میں شرکت کر سکیں۔

واضح رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹر دلاور خان نے سینیٹ میں ایک قرار داد پیش کی تھی جس میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، اس قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا تھا۔

قرار داد کی منظوری کے وقت سینیٹ میں صرف 14 ارکان موجود تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر افنان اللہ خان اور نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے قرار داد کی مخالفت کی تھی۔

اگلے روز اپنی قرارداد کی وضاحت کرتے ہوئے سینیٹر دلاور خان نے کہا تھا کہ کہیں سے بھی الیکشن ملتوی کروانے کی قرارداد کے لیے اشارہ نہیں ملا تھا، قرار داد دہشت گردی اور موسمی مشکلات کو مد نظر رکھ کر لائی گئی تھی، اگر کسی کو اعتراض تھا تو اس وقت نشاندہی کرتے۔

انہوں نے کہا تھا کہ الیکشن 2٫3 ہزار لوگوں کی ضرورت ہے پورے ملک کی نہیں، عوام کو سستی روٹی،کپڑے، بجلی، گیس اور امن کی ضرورت ہے، موجودہ نگران حکومت گزشتہ کئی حکومتوں سے بہتر ہے، ڈالر نیچے آرہا ہے سرمایہ کاروں کی مشکلات کم ہو رہی ہیں، الیکشن کے التوا کی قرار داد کے لیے کہیں سے بھی اشارہ نہیں ملا تھا، ،میں نے اگر کسی سے تعاون نہیں کیا تو کسی سے بھیک بھی نہیں مانگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی انتخابات ملتوی کروانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی تھی، اس قرارداد سے دو روز قبل بھی ایوان بالا میں عام انتخابات کے التوا کی ایک قرارداد جمع کرائی گئی تھی، قرارداد فاٹا سے تعلق رکھنے والے آزاد سینیٹر ہدایت اللہ کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔

قرارداد میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ امیداواروں پر حملے سے متعلق گہری تشویش ہے، ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، عام انتخابات 3 ماہ کے لیے ملتوی کردیے جائیں، عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔

سینئر اداکار شوکت زیدی انتقال کر گئے

اسرائیلی فوج کی مغربی کنارے میں خونریز کارروائیاں جاری، مزید 5 فلسطینی شہید

محمد رضوان نے پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا