پاکستان

کراچی میں ورکرز کنونشن سے قبل پی ٹی آئی کے متعدد کارکن گرفتار

مہیسر ہاؤس میں کنونشن رکھا تھا لیکن ہمارے 20 سے 25 ورکرز کو پولیس نے گرفتار کر لیا، رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت

کراچی میں پولیس نے تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے قبل مہیسر ہاؤس سے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ ورکرز کنونشن سے قبل پولیس کی بھاری نفری نے مہیسر ہاؤس کو گھیرے لے لیا۔

پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان فلک الماس نے بتایا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت نے صفورا چورنگی پر پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ رحمٰن مہیسر کی رہائش گاہ کے اندر ورکرز کنونشن سے خطاب کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تاہم پولیس کے دستے وہاں پہلے سے تعینات تھے جنہوں نے مبینہ طور پر وہاں کے رہائشیوں کا محاصرہ کیا اور متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا کارکنوں کو بھی وہاں پہنچنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ترجمان نے الزام لگایا کہ پولیس شیر افضل مروت کو حراست میں لینے کا انتظار کر رہی تھی تاہم پی ٹی آئی کے دعوے کے برعکس ایس ایس پی شرقی سید عرفان بہادر نے پی ٹی آئی کے کسی کارکن کی گرفتاری کی تردید کی۔

انہوں نے پی ٹی آئی رہنما مسٹر مروت کو گرفتار کرنے کی کسی کوشش کی بھی تردید کی۔

مجھے آپ کی مدد درکار ہے، مہیسر ہاؤس آ جائیں، شیر افضل مروت کی کارکنوں سے اپیل

دوسری جانب شیر افضل مروت نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج رات ساڑھے 9 بجے تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکریٹری عبدالرحمٰن مہیسر کے فارم ہاؤس مہیسر ہاؤس میں کنونشن رکھا تھا لیکن ہمارے 20 سے 25 ورکرز کو پولیس نے مہیسر ہاؤس کے باہر سے گرفتار کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹھ سے 10 ڈالوں میں پولیس آئی ہوئی ہے، ہم ایک نجی پراپرٹی میں ورکرز کنونشن کررہے ہیں جو ہمارا حق ہے اور چاہے یہ ہمیں گرفتار یا ماریں پٹیں، ہم یہ ضرور کریں گے۔

شیر افضل مروت نے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے تمام کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ مہیسر ہاؤس فوراً پہنچیں کیونکہ ہمیں وہاں جانا ہے اور اگر ہماری تعداد زیادہ ہو گی تو پولیس کی ہمت نہیں ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کہنا تھا کہ میں آدھے گھنٹے میں مہیسر ؤاس پہنچ رہا ہوں اور اگر پولیس ہمیں مہیسر ہاؤس میں جانے سے روکتی ہے تو ہمیں ان کے جبر و استبداد کو روکنا ہے کیونکہ ایک نجی پراپرٹی میں کنونشن کے انعقاد کے لیے ہمیں کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اپنے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کراچی مجھے آپ کی مدد درکار ہے اس لیے آپ مہیسر ہاؤس کراچی شرقی میں آ جائیں۔

چیف الیکشن کمشنر کا آئی جی خیبر پختونخوا کو خط، جے یو آئی(ف) کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: علامہ مسعود الرحمٰن عثمانی کے قتل میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

وزیراعظم ہو یا سپہ سالار، جان لے کہ فلسطین کا کوئی دو ریاستی حل نہیں، حافظ نعیم الرحمٰن