کراچی: میئر، ڈپٹی میئر سمیت بلدیاتی چیئرمینز کےخلاف شکایات پر الیکشن کمیشن کا نوٹس
سندھ مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر علی اصغر سیال نے ریجنل الیکشن کمشنر اور مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر کو خط لکھ دیا۔
کراچی کے میئراور ڈپٹی میئر سمیت بلدیاتی چیئرمینز کے خلاف شکایات پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر علی اصغر سیال نے ریجنل الیکشن کمشنر اور مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر کو خط لکھ دیا۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کے خلاف امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے کی شکایات مل رہی ہیں، شکایات میں عام انتخابات میں سرکاری مشینری کے استعمال کی بھی شکایات ہیں۔
علی اصغر سیال نے خط میں سرکاری وسائل کا استعمال انتخابی ضابطہ اخلاق پر پیرا 18 کی خلاف ورزی ہے، انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نظر رکھی جائے اور کسی بھی خلاف ورزی کے ثبوت کارروائی کے لیے سندھ مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر کے دفتر بھیجے جائیں۔