8 فروری کے عام انتخابات کیلئے سیاسی رہنماؤں کے حلقے طے ہوگئے
8 فروری کے عام انتخابات کے لیے سیاسی رہنماؤں کے حلقوں کافیصلہ ہوگیا، الیکشن کمیشن نے انتخابات کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق عام انتخابات کیلئے بڑے سیاسی رہنماؤں کی صف بندی مکمل ہوگئی، اہم سیاسی رہنما بھی اپنے حلقوں سے انتخاب لڑیں گے۔
لیگی قائد نوازشریف این اے 130 لاہور اور لیگی صدر شہباز شریف این اے 123 لاہور سے انتخابی رنگ میں اتریں گے، خواجہ آصٖف این اے 71 سیالکوٹ، احسن اقبال این اے 76، خرم دستگیر این اے 78 سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔
سعد رفیق این اے 122 سے اور جاوید لطیف این اے 115 سے انتخابی دنگل میں شرکت کریں گے۔
بلاول بھٹو این اے 127 لاہور اور این اے 194 لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کاانتخاب لڑیں گے۔
جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن این اے 44 ڈی آئی خان سے قومی اسمبلی کارکن بننے کی کوشش کریں گے، امیرجماعت اسلامی سراج الحق این اے 7 لوئردیر اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ این اے 123 سے قسمت آزمائیں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے اخترمینگل این اے 246 سے ایوان زیریں کاانتخاب لڑیں گے، پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر این اے 10 سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر این اے 19 سے الیکشن لڑیں گے۔
پی ٹی آئی کے سردارلطیف کھوسہ این اے 122، سلمان اکرم راجا این اے 128 سے اور شعیب شاہین ایڈووکیٹ اسلام آباد کی نشست کیلئے انتخابی اکھاڑے میں اتریں گے۔
آئی پی پی کے جہانگیرترین این اے 145 اور این اے 155 سے قسمت آزمانے کوتیار ہیں، آئی پی پی کے ہی عبدالعلیم خان نے این اے 117 سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔