کھیل

پہلا ٹی 20: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی

کیوز نے شاہینوں کو جیت کے لیے 227 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس 180رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے شکست دے دی۔

کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 227 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس 180 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم سب سے کامیاب بلے باز رہے، انہوں نے 57 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ اوپنر صائم ایوب 27، محمد رضوان 25، فخر زمان 15 اور افتخار احمد 24 رنز بناکر آوٹ ہوئے، دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا اور 227 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم 18 اوورز میں 180 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو 46 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایڈم ملنے اور بین سیئرز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ اش سودھی نے ایک وکٹ لی۔

میچ میں 4 وکٹیں لینے والے کیوی باؤلر ٹم ساؤتھی 150 ٹی 20 وکٹیں لینے والے پہلے عالمی کھلاڑی بن گئے۔

اس فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، سیریز کا دوسرا میچ - 14 جنوری، اتوار کو سیڈن پارک ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جارحانہ بلے بازی کرنے پر مڈل آرڈر بلے باز ڈیرل میچل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں آکلینڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

میزبان ٹیم نے ابتدا سے ہی جارحانہ بیٹنگ کی، فن ایلن 15 گیندوں پر 34 رنز بناکر آوٹ ہوئے، کپتان کین ولیمن سن نے 42 گیندوں پر 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ ڈیرل مچل نے 27 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر عامر جمال نے 4 اوورز میں 56 اور ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر اسامہ میر نے 4 اوورز میں 51 رنز دیے۔

ڈیبیو کرنے والے عباس آفریدی نے 4 اوورز میں 34 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں جب کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کے علاوہ حارث رؤف نے دو کیوی کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ ناقص رہی، بابر اعظم اور افتخار احمد نے کیچ ڈراپ کیے۔

سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جب کہ لیگ اسپنر اسامہ میر اور فاسٹ باؤلر محمد عباس آفریدی نے ڈیبیو کیا، اسامہ میر کو سعید اجمل اور عباس آفریدی کو عمر گل نے کیپ دی، اس کے علاوہ بطور وکٹ کیپر اعظم خان بھی میدان میں اتریں گے۔

5 میچوں کی ٹی 20 سیزیر کا پہلے میچ کے لیے قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس سے پہلے ہی کردیا گیا تھا۔

ٹیم میجنمنٹ کے مطابق محمد رضوان اور صائم ایوب اوپننگ کریں گے، بابر اعظم ون ڈاؤن جبکہ فخر زمان چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اتریں گے۔

آکلینڈ میں موجود ڈان نیوز کے نمائندے کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں آئی جبکہ آکلینڈ اسٹیڈیم آنے والے پاکستانیوں کا جوش و خروش عروج پر تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، شاہین آفریدی (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان (وکٹ کیپر)، عامر جمال، اسامہ میر، عباس آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

اسپنر ابرار احمد، جو ابتدائی طور پر اسکواڈ کا حصہ تھے، گزشتہ ماہ پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے دوران انجری کے سبب ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب مہمان ٹیم کو میچ سے قبل دھچکا لگا جب آل راؤنڈر مچل سینٹنر میں کووڈ-19 کی تصدیق ہونے کے بعد ٹیم سے باہر ہوگئے۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ:

کین ولیمسن، ڈیون کونوے، فن ایلن، ٹم سیفرٹ، ڈیرل مچل، گلین فلپس، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، ایش سودھی، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، ایڈم ملنے، بین سیئرز

پاک-نیوزی لینڈ سیریز:

پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ - 12 جنوری 2024 ایڈن پارک، آکلینڈ میں

دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ - 14 جنوری 2024 سیڈن پارک، ہیملٹن میں

تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ - 17 جنوری 2024 یونیورسٹی اوول، ڈنیڈن میں

چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ - 19 جنوری 2024 ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں

پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ - 21 جنوری 2024 ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ میں

پاکستان کرکٹ ٹیم کا آج بھی آکلینڈ میں پریکٹس سیشن

پاکستان اور نیوزی لینڈ ٹی 20 سیریز کی ٹرافی کی رونمائی

پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ اسکواڈ کا اعلان