انٹرنیٹ کے حوالے سے تکنیکی مسائل ہیں، اس کا تعلق سیاست سے نہیں، مرتضٰی سولنگی
نگران وزیراطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ انٹرنیت کے حوالے سےتکنیکی مسائل ہیں، اس کاسیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکشن 8 فروری بروز جمعرات کو ہی ہوں گے، ہم نے اس سے بہت زیادہ خراب حالات میں بھی الیکشن دیکھے ہیں، اس وقت حالات 2008 اور 2013 سے بہتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جس دن سے حلف اٹھایا ہے اس دن سے الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہوں، انتخابی سرگرمیاں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد شروع ہوں گی، تمام جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کی آزادی ہے۔
صحافی کے وزیر داخلہ کی تقرری کے حوالے سے سوال پر مرتضی سولنگی نے جواب دیا کہ اس وقت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 11 وزارتوں کے انچارج ہیں، وزارت داخلہ کے انچارج بھی نگران وزیراعظم ہی ہیں۔
انٹرنیٹ سروس کی معطلی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے مسائل تکنیکی ہیں، نگران حکومت سے قبل بھی انٹرنیٹ سروسز میں تعطل آتا رہتا تھا۔
نگران وزیر اطلاعات نے انتخابات ملتوی کروانے کی سینیٹ قرارداد پر تبصرہ کرنے سے گریز کرلیا۔
یاد رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔