پاکستان

نگران حکومت پر کوئی دباؤ نہیں، عام انتخابات 8 فروری ہی کو ہوں گے، نگران وزیر اطلاعات

حکومت کو اعتراض مضمون پر نہیں اس جریدے پر ہے جس نے عمران خان کے گیسٹ آرٹیکل کا دعویٰ کیا

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ نگران حکومت پر کوئی دباؤ نہیں ہے جبکہ عام انتخابات 8 فروری ہی کو ہوں گے۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’لائیو ود عادل شاہ زیب‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ’دی اکنامسٹ‘ میں حالیہ مضمون سے متعلق کہا کہ ’حکومت کو اعتراض مضمون پر نہیں اس جریدے پر ہے جس نے گیسٹ آرٹیکل کا دعویٰ کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کے رہنما خود اس مضمون کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہیں کیونکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے سائبر شواہد موجود ہیں، پی ٹی آئی عدم اعتماد کے بعد اپنے ہی فیصلوں کے باعث سیاست سے نکلی۔

انتخابات کے حوالے سے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ’عام انتخابات 8 فروری ہی کو ہوں گے، انتخابات کے بعد ملک سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کی طرف جائے گا‘۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نگران حکومت پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔

سربراہ جے یو آئی کے دورہ افغانستان سے متعلق نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’مولانا فضل الرحمٰن کا دورہ کابل ہمارے علم میں ہے، مولانا کا دورہ غیر سرکاری ہے، وہ حکومت کی طرف سے کوئی وعدہ نہیں کر سکتے‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد گروہ سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔