پاکستان

نقیب اللہ قتل کیس: سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد

عدالت نے مقدمے کے گواہان کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق عدالت نے سابق ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن امان اللہ مروت سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے مقدمے کے گواہان کو اگلی سماعت پر طلب کر لیا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

کیس کے دیگر ملزمان میں گدا حسین، صداقت حسین، رانا ریاض ، راجا شمیم، محسن عباس اور شعیب عرف شوٹر شامل ہیں۔

نقیب اللہ محسود قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار سمیت 18 پولیس افسران و اہلکار گزشتہ سال جنوری میں بری ہوچکے ہیں۔

پراسیکیوشن کے مطابق مقدمے میں سابق ایس ایچ او امان اللہ مروت سمیت سات پولیس افسران و اہلکار مفرور تھے، جنہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے بعد خود کو سرنڈر کیا۔

مقدمے میں ایک ملزم شعیب عرف شوٹر ضمانت پر جبکہ امان اللہ مروت سمیت چھ ملزمان گرفتار ہیں۔

یاد رہے کہ نقیب اللہ محسود کو 13 جنوری 2018 میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کیا گیا تھا۔