پاکستان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان بھر مندی میں تبدیل

کاروبار کے اختتام پر انڈیکس 66 پوائنٹس یا 0.1 فیصد تنزلی کے بعد 64 ہزار 170 پر آ گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں ابتدائی طور پر تیزی کے بعد مندی کا رجحان دیکھا گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 57 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 452 پوائنٹس یا 0.7 فیصد اضافے کے بعد 64 ہزار 689 تک پہنچ گیاتھا۔

تاہم کاروبار کے اختتام تک مثبت رجحان مندی میں تبدیل ہو گیا اور انڈیکس 66 پوائنٹس یا 0.1 فیصد تنزلی کے بعد 64 ہزار 170 پر آ گیا، جو گزشتہ روز 64 ہزار 237 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے پہلے کاروباری روز ٹریڈنگ کے دوران تیزی کا رجحان منفی میں تبدیل ہو گیا تھا ، اور انڈیکس 277 پوائنٹس کمی کے بعد 64 ہزار 277 پر آگیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز (5 جنوری) سینیٹ اجلاس میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد منظور ہونے کے فوری بعد پاکستان اسٹاک ایکسیچنج مثبت کے بعد منفی میں تبدیلی ہوگئی تھی اور انڈیکس 800 سے زائد پوائنٹس گر گیا تھا۔

تاہم مارکیٹ کے بند ہونے تک انڈیکس میں کچھ بہتری آگئی اور وہ 124 پوائنٹس یا 0.19 فیصد کمی کے ساتھ 64 ہزار 515 کی سطح پر بند ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 2023 پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے اچھا سال ثابت ہوا، جس کے آغاز کے ساتھ اختتام بھی مثبت رجحان پر ختم ہوا تھا۔

2 جنوری 2023 بروز پیر کے ایس ای-100 انڈیکس 40 ہزار 420 پوائنٹس پر تھا، جو کاروبار کے اختتام تک 395.45 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 815 پر پہنچ گیا تھا۔

سال 2023 کے آخری کاروباری روز انڈیکس 62 ہزار 451 کی سطح پر بند ہوا تھا، اس طرح گزشتہ برس بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 22 ہزار 31 پوائنٹس یا 54.50 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

جبکہ سال 2022 پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے دباؤ سے بھرپورسال ثابت ہوا تھا، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 2021 کے مقابلے میں 9.4 فیصد کمی کے بعد 40 ہزار 420 پوائنٹس کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا تھا۔

رام مندر کےافتتاح کے موقع پر بی جے پی بم دھماکا کرے گی، بھارتی رکن اسمبلی

پاکستان کرکٹ ٹیم کا آکلینڈ میں پریکٹس سیشن

برآمدات کے سبب ملک میں پیاز کی قیمت 240 روپے کلو تک جاپہنچی