پاکستان

ایم کیو ایم پاکستان کا الیکشن کے بعد وزیراعظم کیلئے نواز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان

(ن) لیگ کے ساتھ بات چیت مثبت رہی، کچھ سیٹوں پر بات ہوئی ہے، کچھ سیٹوں پر مزید بات کریں گے، رہنما ایم کیو ایم پی امین الحق

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پی) نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بات چیت خوش آئند قرار دے دی اور انتخابات کے بعد وزیر اعظم کے لیے ووٹ نواز شریف کو دینے کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں مستقبل کے اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رہنما ایم کیوایم و سابق وفاقی وزیر امین الحق نے بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کچھ سیٹوں پر بات ہوئی ہے، کچھ سیٹوں پر مزید بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے ساتھ بات چیت اچھے ماحول میں ہوئی ہے اور ہم مشترکہ مؤقف کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا اچھا فیصلہ آیا ہے، نواز شریف وزیر اعظم کے امیدوار ہوئے تو ایم کیو ایم ووٹ نواز شریف کو دے گی۔

امین الحق نے خواہش ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد اتحادی حکومت قائم ہو اور سندھ میں اتحادی حکومت کے لیے مشترکہ طورپر آگے بڑھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ نے کہا ہے کہ این اے 242 سے شہباز شریف کو امیدوار ہونا چاہیے، ہم نے اس سیٹ پر فیصلہ خالد مقبول صدیقی اور شہباز شریف پر چھوڑ دیا ہے۔

کثیرالجماعتی اتحاد بننے جارہا ہے، رانا مشہود

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا مشہود نے کہا کہ اس اتحاد کو آگے چلنا ہے، ہم نے حتمی مشاورت مکمل کرلی ہے اور کئی حلقوں میں ہماری سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگئی ہے۔

انہوں نے کثیرالجماعتی اتحاد کا بتاتے ہوئے کہا کہ اتحاد کا مقصد سندھ کے عوام کو بدترین دور سے نکالنا ہے، سندھ کو ملنے والے 22 ہزار ارب روپے صوبے میں کہیں بھی استعمال ہوتے نظر نہیں آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اپنی حتمی سفارشات کو اعلیٰ قیادت کے سامنے رکھیں گے جن کی روشنی میں اعلیٰ قیادت اعلان کرے گی۔