جنوبی افریقہ کے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز ہینرک کلاسن ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر
جنوبی افریقہ کے اسٹار کرکٹر اور وکٹ کیپر ہینرک کلاسن ٹیسٹ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، کلاسن وائٹ بال فارمیٹس میں جنوبی افریقہ کے لیے دستیاب رہیں گے۔
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار مڈل آرڈر بلے بازوں میں سے ایک کے طور پر پہچانے جانے والے ہینرک کلاسن نے 4 سال کے عرصے میں صرف 4 ٹیسٹ میچز کھیلے، حال ہی میں گزشتہ سال انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلی تھی۔
وہ جنوبی افریقہ کے دوسرے سینئر کرکٹر ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں اس سے قبل ڈین ایلگر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔
کرکٹر نے انسٹاگرام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی پیغام لکھا کہ چند راتیں بغیر نیند کے گزارنے کے بعد میں نے سوچا کہ کیا میں ٹھیک فیصلہ لے رہا ہوں، میں نے ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔’
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مشکل تھا کیونکہ یہ ان کا پسندیدہ فارمیٹ ہے۔
کلاسن ایک تجربہ کار فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں، جنہوں نے 85 میچ کھیلے اور 46 کی شاندار اوسط سے 5347 رنز بنائے، اپنے پورے کیریئر میں وہ 12 سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔
جنوبی افریقہ کے بہت سے دوسرے وکٹ کیپرز کے مقابلے میں زیادہ ماہر بلے باز مانے جانے کے باوجود ہینرک کلاسن کو بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا، ان کی جگہ کائل ویرین کو شامل کیا گیا تھا۔