ملک دشمن عناصر کی لگائی آگ میں بلوچستان جل رہا ہے، جمال رئیسانی
سابق نگران وزیر کھیل بلوچستان میر جمال رئیسانی نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی لگائی آگ میں بلوچستان جل رہا ہے، ہم اپنے پیاروں کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟
اسلام آباد میں بلوچستان شہدا فورم کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جام رئیسانی نے کہا کہ ہم ایک فرد واحد کی حیثیت سے یہاں موجود ہیں، ہم ایک قبیلے کی حیثیت سے یہاں موجود ہیں، یہ قبیلہ شہدا کے ہندسوں کا قبیلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پاکستان میں بلوچ، سندھی، ہزارہ سے لوگ رہتے ہیں، لوگوں کے دماغ میں ایک سازش کو جنم دے دیا گیا ہے۔
جمال رئیسانی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کی لگائی آگ میں بلوچستان جل رہا ہے، آج اس آگ میں ایک دوسرے کو لڑایا جاتا ہے، اس سازش کا فائدہ ملک دشمن کو ہے، بی ایل اے کی طرح دیگر تنظیمیں آج بھی بلوچستان میں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر سازشوں میں مصروف ہیں، مختلف زبان بولنے والوں کو آپس میں لڑایا جارہا ہے، بھائی کو بھائی سے لڑا کر سازش کی جارہی ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ کالعدم تنظیموں کو ہمارے پیاروں کو شہید کرنے کی اجازت کس نے دی؟ ہم اپنے پیاروں کا خون کس کے ہاتھ پر تلاش کریں؟