اسلام آباد میں فائرنگ، سنی علما کونسل کے رہنما مولانا مسعود الرحمٰن جاں بحق
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سنی علما کونسل کے سینئر رہنما اور ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا مسعود الرحمن عثمانی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے مسعود الرحمٰن عثمانی پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
فائرنگ کا واقعہ تھانہ کھنہ کی حدود میں غوری ٹاؤن میں پیش آیا جبکہ زخمی مولانا مسعود الرحمن عثمانی کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا جارہا ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
واقعہ کے خلاف پمز ہسپتال کے اندر اور باہر سنی علما کونسل کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس نے واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
صورت حال پر قابو پانے کے لیے پمز ہسپتال میں پولیس کے اعلیٰ افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد کے علاوہ ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔