پاکستان

بلاول بھٹو وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے بالکل تیار ہیں، نوید قمر

ہمیں ملک میں بجلی کو سستا کرنا ہوگا اور اس حوالے سے آئی ایم ایف کو قائل کرنا ہمارے لیے مشکل نہیں ہے، رہنما پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کامیاب وزیر خارجہ رہے ہیں اور وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے بالکل تیار ہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہ زیب میں گفتگو کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی مشکل فیصلے کرنے سے کبھی نہیں ڈرتی اور اقتدار میں آ کر بھی ہم مشکل فیصلے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں بجلی کو سستا کرنا ہوگا اور اس حوالے سے آئی ایم ایف کو قائل کرنا ہمارے لیے مشکل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ درست ہے کہ عمران خان نے بھی اقتدار میں آنے کے بعد آئی ایم ایف کے پاس جانے میں کافی تاخیر کی، تاخیر کے بعد آئی ایم ایف کے پاس جانے کے نتائج عوام کے لیے بہت برے ثابت ہوئے۔

نوید قمر نے کہا کہ ہماری اتھادی حکومت میں بھی یہی ہوا کہ پہلے مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف کے پاس جانے کے لیے راضی تھے لیکن ان کو بھی اپنی پارٹی کی طرف سے مزاحمت کا سامنا تھا جس کی وجہ سے یہ التوا کا شکار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مشکل فیصلہ ہے لیکن یہ فیصلہ ایک کڑوا گھونٹ ہے جو ہمیں پینا پڑے گا، اگر یہ فیصلہ ناگزیر ہے تو ہمیں فوراً لینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری زیادہ تر بجلی چوری ہوتی ہے یا اس کی ریکوری نہیں ہوتی، یہ گردشی قرضہ کھربوں میں ہے اور اس سب کو ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم متبادل بجلی فراہم کریں پرائیویٹ سیکٹر کو اس میں شامل کریں۔

نوید قمر نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک کامیاب وزیر خارجہ رہے ہیں اور وزارت عظمیٰ کےعہدے کے لیے بالکل تیار ہیں۔