الیکشن کمیشن نے نظام مصطفی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، ای سی پی کے ڈی جی پولیٹکل فنانس مسعود شیروانی کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نظام مصطفی پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پولیٹکل فنانس مسعود شیروانی کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی 2002 میں رجسٹر ہوئی، 2006 میں جماعت کے انٹراپارٹی انتخابات ہونے تھے، نظام مصطفی پارٹی نے اس سال کے پارٹی اکاوئنٹس جمع کروائے،گزشتہ سال کے نہیں کروائے۔
نظام مصطفی پارٹی کے وکیل نے دلائل دیے کہ ہم انٹراپارٹی انتخابات اور اکاؤنٹس کی تفصیلات لے کر آئے ہیں، چیف الیکن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا پارٹی انتخابات ہوگئے ہیں؟ وکیل نے جواب دیا جی۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔