پاکستان

نگران وزیر خارجہ کی اہم افغان رہنما ملا شیریں سے ’نتیجہ خیز‘ ملاقات

ملاقات میں تجارت اور رابطے کی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جلیل عباس جیلانی

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افغان طالبان کے سینئر رہنما اور گورنر قندھار ملا شیریں اخوند سے ملاقات کی اور افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے اور باہمی طور پر مفید تعلقات قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ قندھار کے گورنر اور افغان وزارت دفاع کے اسٹریٹجک انٹیلی جنس کے نائب سربراہ ملا شیریں اخوند کے ساتھ ملاقات نتیجہ خیز رہی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں تجارت اور رابطے کی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اس سے قبل افغان سفارتخانے نے کہا تھا کہ افغانستان پاکستان مشترکہ رابطہ کمیٹی کا چھٹا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا اور اس اجلاس میں افغان وفد کی قیادت ملا شیریں اخوند کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ دوران اجلاس شرکا ڈیورنڈ لائن کے حوالے سے تنازعات کے حل اور دونوں اطراف کے لوگوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی سے متعلق بات چیت اور ضروری فیصلے کریں گے۔