انتخابات 2024: الیکشن کمیشن میں سیکیورٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد
الیکشن کمیشن میں عام انتخابات 2024 کی سیکیورٹی کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس ختم ہوگیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں شرکت کے بعد سیکریٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی الیکشن کمیشن سے وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوگئے ہیں، اس اجلاس میں انسپیکٹر جنرل (آئی جی) اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے تبادلے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔
اجلاس کے بعد صحافی نے سوال کیا کہ عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی نمبرز پورے ہوجائیں گے؟ جس پر سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی سے متعلق نمبرز پورے کرلیں گے۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں انتخابی گہما گہمی جاری ہے، عام انتخابات 8 فروری 2024 کو منعقد کیے جائیں گے، اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے اور اس کی جانچ پڑتال کا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے جمع کرائے گئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور اور مسترد کیے جانے کے حوالے سے تفصیلات جاری کردیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے 7 ہزار 473 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، ریٹرننگ افسران نے 6 ہزار 449 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے، الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات سے متعلق قومی میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے۔