پاکستان

شمالی وزیرستان: میرعلی بازار میں فائرنگ، 6 افراد جاں بحق

مقتول افراد میرعلی بازار میں حجام ہیر ڈریسر سیلون کی دکان چلا رہے تھے، پولیس
|

شمالی وزیرستان کے میر علی بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مذکورہ افراد میرعلی بازار میں حجام ہیر ڈریسر سیلون کی دکان چلا رہے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تمام افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہا ہے۔

آر پی او بنوں ڈویژن نے بتایا کہ میرعلی کے علاقے موسکی میں قریبی کھیتوں سے 6 افراد کی لاشیں ملی ہیں، لاشوں کی شناخت حجام کے طور پر ہوئی ہے اور ان کا تعلق پنجاب سے ہے۔

آر پی او بنوں ڈویژن کا کہنا تھا کہ ان میں سے ایک کا شناختی کارڈ ہے اور اس کا تعلق ڈی جی خان سے ہے، مزید کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 22 دسمبر 2023 کو جنوبی وزیرستان کے علاقے دژہ غونڈئی میں رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زیر تعمیر پولیس تھانے میں کام کرنے والے 5 مزدور جاں بحق ہو گئے تھے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مزدور دژہ غونڈئی میں زیر تعمیر پولیس تھانہ میں کام کر رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 5 مزدور جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا، جاں بحق مزدوروں کا تعلق وزیرستان سے ہے۔

واضح رہے کہ 30 دسمبر 2023 کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگرد کمانڈر راہزیب کھورے سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈر راہزیب کھورے سمیت 5 دہشتگرد مارے گئے۔

کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری

سکھر: شدید دھند کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم، 250 فیڈرز ٹرپ

بانی پی ٹی آئی کی 6 مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری میں 16 جنوری تک توسیع