پاکستان

توہین الیکشن کمیشن: عمران خان، فواد چوہدری کے خلاف مقدمے پرسماعت 3 جنوری کو ہوگی

ممبر ای سی پی نثار درانی کی سربراہی میں شاہ محمود جتوئی، بابر حیسن بھروانہ اور جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ توہین الیکشن کمیشن کیس پر سماعت کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت 3 جنوری کے لیے مقرر کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی، ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں شاہ محمود جتوئی، بابر حیسن بھروانہ اور جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ توہین ای سی پی کیس پر سماعت کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے کاز لسٹ جاری کردی ہے، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی بھی شروع کی جائےگی۔

یاد رہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے 30 دسمبر کو توہین الیکشن کمیشن کیس میں اوپن ٹرائل کی استدعا کی گئی تھی جس پر آج (یکم جنوری) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا تھا۔

پس منظر

2022 کے اگست میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس میں عمران خان کے مختلف بیانات، تقاریر، پریس کانفرنسز کے دوران اپنے خلاف عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ، غلط بیانات و من گھڑت الزامات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو 30 اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پیمرا کے ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے 11 مئی، 16 مئی، 29 جون، 19، 20 جولائی اور 7 اگست کو اپنی تقاریر، پریس کانفرنسز اور بیانات میں الیکشن کمیشن کے خلاف مضحکہ خیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، توہین آمیز بیانات دیے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جو براہ راست مرکزی ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو مخاطب کرکے نوٹس میں مزید کہا تھا کہ آپ نے 12 جولائی کو بھکر میں ہونے والے جلسے میں خطاب کیا جو ’اے آر وائی‘ پر نشر ہوا اور ساتھ ہی اگلے دن روزنامہ ’ڈان‘ میں شائع ہوا، جس میں آپ نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز باتیں کیں اور ان پر من گھڑت الزامات عائد کیے۔

سگریٹ نوشی کی عادت سے چھٹکارا پانا آسان، ڈاکٹرز نے حل بتا دیا

یاسر عرفات کے ساتھ کام کرکے مزہ آرہا ہے، فخر زمان

کار ساز کمپنیوں کےعارضی بحال لائسنس دوبارہ معطل