کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان
300 سے زائد امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے، ہم اس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں, بابراعوان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کسی کو بھی الیکشن لڑنے سے نہیں روکتا، یہاں لوگوں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے گئے، ہمارے 300 سے زائد امیدواروں کے کاغذات مسترد ہوئے، ہم اس کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔
انہوں نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ ہر حال میں الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے، ’ہر سیٹ پر ہمارا امیدوار ہوگا، مفرور پاکستان گھبرایا ہوا ہے، مفرور پاکستان ووٹرز کےخوف سے باہر ہی نہیں نکل رہا۔‘