لاہور: این اے 121 میں ٹکٹ کی تقسیم پر ایاز صادق اور روحیل اصغر آمنے سامنے
لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 میں ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ایاز صادق اور روحیل اصغر آمنے سامنے آگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس قائد نواز شریف کی زیر صدارت ہوا جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ شیخ روحیل اصغر لیگی قیادت کے سامنے ٹکٹ کے معاملے پر ڈٹ گئے اور ان کا کہنا ہے کہ این اے۔121 میرا آبائی حلقہ ہے لہٰذا میں یہاں سے ہی الیکشن لڑوں گا۔
روحیل اصغر نے کہا کہ میرے آباؤ اجداد اسی حلقے سے انتخابات لڑتے رہے اور میں بھی یہیں سے سیاست کرتا رہا ہوں، 2018 میں میرے حلقے کا کچھ حصہ ایاز صادق کے حلقے میں شامل ہوا تو میں نے خود ان کی مہم چلائی تھی لیکن اس بار آزاد حیثیت میں بھی الیکشن لڑنا پڑا تو لازمی لڑوں گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے رہنما روحیل اصغر نے مزید کہا کہ مجھے میرا اصل حلقہ واپس ملا ہے تو میں اپنے روایتی آبائی حلقے سے کیوں الیکشن نہیں لڑوں؟ میں نے کسی اور حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے اور قیادت کے سامنے اپنی بات رکھنے کے فورا بعد اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ بعد ازاں سردار ایاز صادق نے اپنے پرانے اور نئے حلقے کے اعداد و شمار پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش کیے،
اس موقع پر ایاز صادق نے کہا کہ میرے پرانے حلقے کا کم و بیش 56 فیصد حصہ نئی حلقہ بندیوں میں این اے۔121 میں شامل ہو چکا ہے، میں ہر صورت میں پارٹی ڈسپلن کا پابند ہوں اور مجھے ٹکٹ پر قیادت کا ہر فیصلہ منظور ہو گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ نے سفارش کی کہ این اے۔121 میں ٹکٹ کا حتمی فیصلہ قائد نواز شریف خود کریں۔