پاکستان

مسلم لیگ (ن) کے دفتر پر حملے کا کیس: صنم جاوید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جج خالد وزیر نے کیس پر سماعت کی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر حبیب سلطان کی سرابراہی میں پراسیکیوشن کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی۔

لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) ہاؤس جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کی خاتون کارکن صنم جاوید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی، پولیس نے ملزمہ صنم جاوید کو ایک اور مقدمہ میں گرفتار کر کے لاہور کی سیشن عدالت میں پیش کر دیا۔

جج خالد وزیر نے کیس پر سماعت کی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر حبیب سلطان کی سربراہی میں پراسیکیوشن کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، عدالتی حکم پر ملزمہ کی ان کے والد اور ان کے وکیل ساتھ بات بھی کروائی گئی، اس موقع پر عدالت کا کہنا تھا کہ انتظار کر لیتے ہیں، ان کے وکیل کو آجانے دیں۔

سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) ہاؤس جلانے کے مقدمے میں صنم جاوید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

ملزمہ صنم جاوید کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے، انسداد دہشتگردی عدالت نے 7 نومبر 2023 کو ملزمہ کی مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر لاہور نے صنم جاوید کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں سرکاری وکیل نے رپورٹ جمع کروائی تھی، جس کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

صنم جاوید کے والد نے نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ صنم جاوید کو قانون کے منافی نظر بند کیا گیا، صنم جاوید کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور عسکری ٹاور حملہ کیس زیر سماعت ہیں، عدالت اس نظر بندی کے آرڈر کو کالعدم قرار دے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے صنم جاوید کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن دو دسمبر کو جاری کیا تھا۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے صنم جاوید کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر چیمبر میں سماعت کی۔

عدالت نے درخواست ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی تھی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے صنم جاوید کی نظر بندی کے احکامات واپس لے لیے ہیں۔

شان شاہد کا ’تیرے بن‘ پر ڈرامے کے بجائے فلم بنانے کا مشورہ

اوکاڑہ: انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں ملوث ملزم گرفتار

شان شاہد کا ’تیرے بن‘ پر ڈرامے کے بجائے فلم بنانے کا مشورہ