توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چوہدری نے جیل ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا
الیکشن کمیشن کے احاطے میں ہی اوپن ٹرائل ہونا چاہیے، عدالت درخواست گزار کو ہر سماعت پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرنے کی بھی ہدایت کرے، استدعا
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن کیس کا جیل ٹرائل اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔
’ڈان نیوز ٹی وی‘ کے مطابق فواد چوہدری نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل ٹرائل رکھ کر اختیارات کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، جیل ٹرائل سے درخواست گزار کے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہورہے ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ درخواست گزار کے خلاف اوپن کورٹ ٹرائل ہونا چاہیے، درخواست گزار کے خلاف اوپن ٹرائل الیکشن کمیشن کے احاطے میں ہی ہونا چاہیے۔
درخواست میں فواد چوہدری نے عدالت سے جیل ٹرائل روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت درخواست گزار کو ہر سماعت پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرنے کی بھی ہدایت کرے۔