پاک سرزمین پارٹی کے سابق رہنما رضاہارون، انیس ایڈووکیٹ پیپلزپارٹی میں شامل
الیکشن سے قبل سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کاسلسلہ جاری ہے، سابق پاک سر زمین پارٹی کے انیس خان ایڈووکیٹ اور رضاہارون نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سربراہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد ایم کیوایم کے سابق سینئر رہنما انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شامل ہوگئے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کو پی پی پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔
ا س موقع پر صدر آصف علی زرداری اور ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے سابق رہنماؤں انیس ایڈووکیٹ اور رضا ہارون کے درمیان شہرِقائد کی ترقی، خوش حالی، قیام امن اور مفاہمتی ماحول کے فروغ کے حوالے سے چارٹر آف کراچی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا چارٹر آف کراچی شہر قائد کے مستقبل پر دوررس اثرات مرتب کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کراچی والوں کی جماعت ہے، ہم کراچی والوں کے ساتھ مل کر کراچی کی ان روشنیوں کو بحال کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں جنہیں امن کے دشمنوں اور نفرت کے سوداگروں نے چھین لیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہرِقائد کے باسیوں کے ووٹوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کو وفاق میں اقتدار ملنا اس بات کے مترادف ہوگا کہ کراچی والوں کی منتخب جماعت پہلی بار وفاق پر حکومت کرے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے کراچی کے مستقبل کو دبئی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پوری دنیا سے کراچی میں سرمایہ کاری آئے اور کراچی دبئی کی طرز پر ایک ایسا معاشی حب بنے جس سے نہ صرف پاکستان کو بلکہ اہم جغرافیائی حیثیت کی وجہ سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو بھی اس شہر سے فائدہ ہو۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے 10 نکاتی ایجنڈے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر کراچی سمیت ملک کے ہر شہر اور قصبے کے لئے ایسے فلاحی منصوبے لائیں گے جن سے اس بدترین مہنگائی کے دور میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔