پاکستان

پی آئی اے کی خواتین ملازمین کو ہراساں کرنے کا انکشاف، سینیٹ میں رپورٹ جمع

سال 2015 سے 2022 تک پی آئی اے عملے کی کل 14 خواتین کو ہراساں کیا گیا، ایوی ایشن حکام نے سینیٹ میں تفصیلی رپورٹ جمع کرادی۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) میں کام کرنے والی خواتین ملازمین کو ہراساں کرنے کا انکشاف، ایوی ایشن حکام نے سینیٹ میں تفصیلی رپورٹ جمع کرادی۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق سال 2015 سے 2022 تک پی آئی اے عملے کی کل 14 خواتین کو ہراساں کیا گیا۔

ایوی ایشن حکام کی جانب سے جاری دستاویزات میں دفاتر میں خواتین کی جنسی ہراسانی، دفتری اوقات کے بعد آفس بیٹھنے کی شکایات بھی شامل ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ملزمان کی طرف سے خواتین اسٹاف کو دھمکیاں دینے اور ذہنی دباؤ جیسے واقعات شامل ہیں۔

قومی ادارے نے ہراساں کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں کیں، ان کے خلاف مقدمات درج اور انہیں سزائیں بھی دی گئیں۔