پاکستان

چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کو بانی پی ٹی آئی سے جیل میں مشاورت کی اجازت مل گئی

نگران حکومت کے زیر نگرانی خوفناک نظام چل رہا ہے، حکومت انتخابات کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے؟ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے ریمارکس

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں مشاورت کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر و دیگر وکلا کی عمران خان سے ملاقات اور مشاورت کی درخواست کی سماعت کی۔

ایڈشنل اٹارنی جنرل اور اڈیالہ جیل سپرٹنڈنٹ عدالت میں پیش ہوئے، وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 700 ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے مشاورت درکار ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ نئے اور پرانے چیئرمین پی ٹی آئی کے درمیان ٹکٹوں کے معاملے پر مشاورت بنیادی حق ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل نے درخواست کے قابل سماعت ہونے کی مخالفت کی۔

عدالت نے درخواست کی مخالفت کرنے پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈوکیٹ جنرل پر اظہار برہمی کیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا سپریم کورٹ سے آنے والا اضافی نوٹ آپ کے لیے کافی نہیں تھا؟ سپریم کورٹ کے بعد کیا مجھ سے بھی اپنے خلاف نوٹ لکھوانا چاہتے ہیں؟

انہوں نے ریمارکس دیے کہ ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل آفس نگران حکومت کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان کو غیر جانبدار ہونا چایئے، نگران حکومت کے زیر نگرانی خوفناک نظام چل رہا ہے کہ انتخابی مشاورت کی اجازت بھی نہیں،نگران حکومت کیا انتخابات کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے؟

عدالت نے مشاورت کی اجازت دے کر درخواست نمٹاتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان کو بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کی اجازت دیتے ہوئے حکم دیا کہ سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کی نگرانی میں بانی پی ٹی آئی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی ملاقات کرائی جائے۔

عدالت نے کہا کہ انتخابات کے لیے مشاورت کی اجازت بنیادی حق ہے، انتخابات میں نگران حکومت کو غیر جانبدار ہونا چاہیے،سابق اور موجودہ چیئرمین پی ٹی آئی کی مشاورت میں مخالفت سے نگران حکومت کی غیر جانبداری پر سوال اٹھتا ہے۔

’اسلام آباد انتظامیہ نے 34 بلوچ مظاہرین رہا کر دیے‘، عدالت نے کیس نمٹا دیا

میلبرن ٹیسٹ: مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو شکست، آسٹریلیا کی سیریز میں فیصلہ کن برتری

ایمان مزاری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں