Election 2024

پشاور: حلقہ این اے31 گیس لوڈ شیڈنگ سے بری طرح متاثر

پشاور کے پوش علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 31 گیس لوڈ شیڈنگ سے بری طرح متاثر ہے۔

انتخابات 2024ء میں پشاور کے حلقہ این اے 31 پر تمام سیاسی جماعتوں نے نظریں جمائی ہوئی ہیں۔

حلقہ این اے 31 پشاور کے پوش علاقوں پر مشتمل ہونے باوجود مسائل کے انبار لگے ہیں۔ تہکال، یونیورسٹی ٹاون، صدر، کنٹونمنٹ اور نوتھیہ جیسے بڑے علاقوں میں گیس لوڈ شیڈنگ تاحال تھم نہیں سکی ہے۔ صفائی کی ابتر صورتحال، خطروں سے بھرا بجلی کا ترسیلی نظام اور گند سے بھرے نالوں نے حلقہ کی خوبصورتی گہنادی ہے۔

حلقہ این اے 31 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 8 ہزار 891 ہے۔ جس میں خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار ہے اور ایک لاکھ 73 ہزار مرد ووٹرز ہیں۔ گزشتہ دو انتخابات میں یہاں سے پی ٹی آئی نے میدان مارا لیکن عوام شکوہ کناں ہیں کہ امیدوار صرف انتخابی مہم کے دوران ہی چہرہ دکھاتے ہیں۔

پی ٹی آئی کا مضبوط گڑھ جانے جانے والے اس حلقے میں ماضی میں اے این پی اور پیپلزپارٹی کے امیدوار بھی اس حلقے سے کامیابی سمیٹتے رہے ہیں۔ پشاور کے اس حلقے سے انتخابی میدان میں اترنے کے لیے پی ٹی آئی، جے یوآئی، اے این پی اور پیپلزپارٹی نے ابھی سے ایڑی چوٹی کا زور لگانا شروع کردیا ہے۔