لائف اسٹائل

ایمان مزاری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

سابق وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی نے سوشل میڈیا کے ذریعے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا۔

سابق وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی اور انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل ایمان زینب مزاری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

28 دسمبر کی رات کو ایمان مزاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصویر شئیر کی اور کیپشن میں انگوٹھی کے ساتھ دل کے ایموجی بھی شئیر کیے۔

ایمان مزاری کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے شوہر عبدالہادی نے لکھا کہ ’میں نے جس سے محبت کی اس سے شادی کرلی ہے۔‘

عبدالہادی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے بائیو کے مطابق وہ بھی انسانی حقوق کے وکیل،ایگزیکٹو ڈائریکٹر، فیئر ٹرائل ڈیفینڈرز کے بانی ہیں۔

ایمان مزاری کو آف وائٹ کڑھائی والی جارجٹ ساڑھی پہنے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کی دونوں کلائیوں پر سفید پھول ہیں۔

جبکہ دولہے نے سفید رنگ کی شیروانی کے ساتھ سفید رنگ کے واسکٹ کا انتخاب کیا ہے اور ساتھ ہی کریم رنگ کی پگڑی بھی پہن رکھی ہے۔

ایمان مزاری کو انصاف کے محتاج لوگوں کی مدد کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، وہ خواتین کے تشدد اور ظلم کے خلاف بھی آواز اٹھاتی آئی ہیں۔

وہ ماضی میں جبری گمشدگیوں کے معاملے پر فوجی اسٹیبلشمنٹ پر سخت تنقید کرتی رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار بھی کیا تھا، والدہ شیریں مزاری کی گرفتاری پر بھی انہیں ان کے شانہ بشانہ کھڑے دیکھا گیا۔

زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے پر ساتھی وکلا اور دوستوں نے ایمان مزاری کو مبارک باد پیش کی۔

ڈیجیٹل رائٹس ایڈووکیٹ اسامہ خلجی نے جوڑے کو مبارک باد دی۔

سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر نے بھی ایمان مزاری کو شادی کی مبارک باد پیش کی، انہوں نے لکھا کہ ’آپ دونوں کو بہت بہت مبارک ہو، آپ دونوں کو خوشیاں اور کامیابی نصیب ہو۔‘

ایمان مزاری کی دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور، تھانے سے رہا

ایمان مزاری کی کسی بھی کیس میں گرفتاری سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کرنا لازمی قرار

بغاوت، دہشت گردی کا مقدمہ: ایمان مزاری، علی وزیر کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور