لاہور: باغبانپورہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، سابقہ بیوی سمیت 4 افراد کے قتل میں ملوث ملزم ہلاک
سلمان نے چند روز قبل شادی ہال کے باہر فیصل آباد سے آئی فیملی کو قتل کیا تھا، گزشتہ رات اس نے مقدمے کی مدعی کے گھرکے باہر فائرنگ کی۔
لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں سابقہ بیوی سمیت 4 افراد کے قتل میں ملوث ملزم سلمان مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم سلمان نے چند روز قبل شادی ہال کے باہر فیصل آباد سے آئی فیملی کو قتل کیا تھا، قتل کیے جانے والوں میں ملزم کی سابقہ بیوی کرن اور دیگر سسرالی شامل تھے ، فائرنگ کی زد میں آکر 2 خواتین زخمی بھی ہوئیں تھی، واردات کا مقدمہ قتل ، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزم سلمان نے گزشتہ رات مقدمے کی مدعی کے گھرکے باہر فائرنگ کی، پولیس کے پہنچنے پر اس نے ساتھیوں کے ہمراہ ان پر بھی فائرنگ کردی اور فائرنگ کے تبادلے میں سلمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کی لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔