پاکستان

چار سالوں میں خیبر پختونخوا کو کچھ نہیں دیا گیا، ’نیا پاکستان‘ کے نعرے کی نفی کی گئی، پرویز خٹک

ملک کو قرضے لے لے کر تباہ کیا گیا، اس ملک کو اگر بچانا ہے تو ایماندار لوگوں کو ووٹ دیں، سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سالوں میں ہمارے صوبے کو کچھ نہیں دیا گیا اور نیا پاکستان کے حوالے سے نعرے کی نفی کی گئی۔

ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ملک کو قرضے لے لے کر تباہ کیا گیا، اس ملک کو اگر بچانا ہے تو ایماندار لوگوں کو ووٹ دیں۔

انہوں نے کہا کہ میرے اختلاف تحریک انصاف سمیت کسی کے ساتھ نہیں ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ قرض نہیں لیں گے، قرض لیا تو خودکشی کرلیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پالیسیوں سے اختلاف ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو حکومت کے لیے پورا سسٹم سمجھایا تھا لیکن عوام کو کچھ نہں ملا۔

سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ ہری پور کے جو لوگ سمجھتے ہیں کے ہم پی ٹی آئی کے بغیر نہیں جیت سکتے وہ غلطی پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور ہمیشہ انتشاری پالیسیوں کے خلاف کام کیا ہے۔