پاکستان

پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز

پنجاب پولیس کی لاہور کی ٹیم تینوں اشتہاریوں کو دبئی سے لے کر آج لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، ترجمان صوبائی پولیس

پنجاب پولیس نے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے قتل کے مقدمات میں مطلوب 3 خطرناک اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارت سے گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب پولیس کی لاہور کی ٹیم تینوں اشتہاریوں کو دبئی سے لے کر آج لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مطلوب اشتہاری ذیشان یوسف نے رواں سال شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اشتہاری ہدایت اللہ نے 2017 میں رحیم یار خان میں شہری کو قتل کیا تھا جبکہ تیسرے اشتہاری محمد اکرم نے بہاولپور میں 2021 میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تینوں مجرمان وارداتوں کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ پنجاب پولیس نے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، جس کے بعد یو اے ای پولیس کے تعاون سے تینوں مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔

ان گرفتاریوں کے ساتھ رواں برس دیگر ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 150 ہو گئی ہے۔