’گندے برتن سے بچا ہوا کھانا کھانا پڑا‘، کومل میر کی ویڈیو وائرل
نئی اداکارہ کومل میر کا سوشل میڈیا پر ایک کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ انہیں اصل میں گندے برتنوں میں سے جھوٹا کھانا کھانا پڑا تھا جو ان کے لیے بہت مشکل تھا۔
کومل میر کا صحافی ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے انٹرویو کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس پر مداح دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔
وائرل کلپ کے مطابق ڈراما سیریل ’قلندر‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں کئی ایسے کام کرنے پڑے جو انہوں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی نہیں کیے تھے، اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران پہلی بار جھاڑو لگائی تھی۔
اسی دوران اداکارہ نے کہا کہ ایک سین تھا جس میں انہیں گندے برتنوں میں سے بچا ہوا کھانا کھانا تھا، مٹی کے چولہے کے ساتھ بیٹھ کر انہیں اس سین کی شوٹنگ کروانا تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ پہلے وہ سمجھی کہ انہیں یہ سین اصل میں نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ڈائریکٹر انہیں صاف کھانا ہی دیں گے جس کی انہیں جھوٹا کھانا کھانے کی اداکاری کرنی ہوگی۔
کومل میر نے بتایا کہ ڈرامے کی ڈائریکٹر نے گندے برتن منگوائے اور انہیں جھوٹا کھانا کھانے کو کہا جسے دیکھ کر وہ حیران ہوگئیں اور یہ سین کرنے سے قبل رونے والی تھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے یہ سین مجبوری کی خاطر کیا اور ایسا کرنے کے دوران انہوں نے تھوڑی چیٹنگ کرنے کی بھی کوشش کی لیکن ڈائریکٹر نے منع کردیا اور کہا کہ صحیح سے کھاؤ۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کی چاچی کا کردار کرنے والی اداکارہ نے انہیں اصل میں تھپڑ رسید کیا تھا جس پر وہ رونا شروع ہوگئی تھیں بعدازاں انہوں نے اپنی والدہ کو فون کرکے کہا کہ وہ اداکاری نہیں کرسکتیں۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ ان کے لیے بہت اچھا تجربہ تھا جو انہوں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی نہیں کیا۔
کومل میر نے کہا کہ انہوں نے یہ کام کرکے اپنے آپ کو چیلنج کیا۔