خیبرپختونخوا: وزیراعظم کی زیر صدارت صوبائی امور پر اہم جائزہ اجلاس، مالی مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت
ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، انوارالحق کاکڑ
اسلام آباد میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں انوار الحق کاکڑ نے صوبے کے مالی مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے مالی مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔
علاوہ ازیں نگران وزیراعظم نے خیبر میڈیکل کالج اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کرنے کی ہدایت دی۔