دنیا

بھارت: سالگرہ پر سرپرائز کا جھانسہ دے کر لڑکی کو زندہ جلا کر قتل کردیا گیا

تبدیلی کے عمل سے گزر کر لڑکی سے لڑکا بننے والے نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ کو اس کی 26ویں سالگرہ پر سرپرائز کا جھانسہ دے کر قتل کیا۔

بھارت میں جنس کی تبدیلی کے عمل سے گزر کر لڑکی سے لڑکا بننے والے نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ کو اس کی 26ویں سالگرہ پر سرپرائز کا جھانسہ دے کر بہیمانہ طریقے سے زندہ جلا کر قتل کردیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جنس کی تبدیلی کے بعد مرد بننے والے ویمتری مرن کا پہلے نام پانڈی مہشوری تھا لیکن اس نے نندنی سے شادی کے لیے ہی لڑکی سے لڑکا بننے کا فیصلہ کیا تھا اور اپنی جنس تبدیلی کرائی تھی۔

یہ دونوں پہلے ساتھ ایک ہی گرلز اسکول میں پڑھتے تھے اور پھر ویمتری مرن کو لڑکی نندنی سے اتنی قربت محسوس ہوئی کہ اس نے جنس تبدیل کرانے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ویمتری مرن کی جانب سے جنس تبدیل کرانے کے ساتھ نندنی نے اس سے کسی قسم کا جنسی تعلق رکھنے سے انکار کردیا تھا اور لڑکے کی منت سماجت کے باوجود نندنی نہ مانی جس سے دونوں کے تعلقات پہلے جیسے نہ رہے لیکن اس کے باوجود وہ ایک دوسرے سے رابطے میں رہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بی ایس سی کی ڈگری لینے کے بعد نندنی آٹھ ماہ قبل نوکری کے لیے چنئی آ گئی اور اپنے انکل کے گھر رہنے لگی۔

پولیس کے مطابق ہفتے کو ویمتری مرن نے نندنی سے کچھ گھنٹے ایک ساتھ گزارنے کا کہا، اسے نئے کپڑے دلائے اور دووں نے جا کر ایک یتیم خانے میں کچھ چندہ بھی دیا، اس کے بعد اس نے نندنی کو گھر چھوڑنے کی پیشکش کی لیکن واپسی پر وہ پونمر میں ایک سنسان مقام پر رک گئے۔

انہوں نے کہا کہ ادھر ویمتری مرن نے نندنی سے کہا کہ وہ تصویریں کھنچوائے اور وہ اس کے ہاتھ اور پیر باندھ دیتا ہے اور پھر اس نے اپنی بائیک میں سے چین نکال کر اس کے ہاتھ اور پیر باندھ دیے اور انہیں کھولنے سے انکار کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ویمتری مرن نے پہلے لڑکی کی گردن اور بازو پر بلیڈ سے چیرا لگایا اور پھر پیٹرول کی بوتل اس کے جدم پر انڈیل کر اسے آگ لگا دی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ویمتری مرن نے لڑکی کو سرپرائز دینے کے لیے آنکھوں پر پٹی باندھی اور پھر ہاتھ پیر باندھ کر اسے آگ لگا دی۔

اس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے نندنی کی چیخ و پکار سن کر پولیس کو کال کی اور پولیس نے لڑکی کو ہسپتال منتقل کیا، لڑکی نے ویمتری مرن کا نمبر دیا اور پولیس کے طلب کرنے پر ناصرف وہاں پہنچا بلکہ نندنی کو ان کے ہمراہ ہسپتال بھی لے کر گیا۔

ہفتے کو نندنی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جس کے بعد ویمتری مرن بھی غائب ہو گیا۔

تاہم پولیس نے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزم کو اتوار کو گرفتار کر لیا اور پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو اپنے کیے پر ذرا بھی پچھتاوا نہیں ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے ریمانڈ پر جوڈیشل حراست میں دے دیا ہے۔