کرسمس کا تہوار: پاکستانی کرکٹرز کے آسٹریلین کھلاڑیوں کیلئے تحائف
پاکستان کرکٹ ٹیم نے باکسنگ ڈے (26 دسمبر) ٹیسٹ میچ سے قبل میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم جی سی) میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کو کرسمس کے تحائف دے کر حیران کردیا۔
آسٹریلوی کھیلوں کے صحافی ڈینیئل چرنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلوی ٹیم اور ان کے اہل خانہ کو تحفے پیش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود بابر اعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ تحفے تحائف تقسیم کر رہے ہیں، پیچھے آسٹریلیو کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز بھی تحفے کی ٹوکری تھامے نظر آرہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ’ایکس‘ پر پوسٹ شیئر کی ہے جس میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کے بچوں کو کرسمس کینڈی لیتے اور اس سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ای ایس پی این آسٹریلیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے تحائف اور بچوں کے لیے کینڈی بہت ہی اچھے تھے، ہمارے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، یہ ان کی گروپ کی اچھی سوچ ہے کہ انہوں نے ہمیں یاد رکھا۔
یاد رہے کہ پاکستانی کھلاڑی اس وقت ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کے دورے پر ہیں،میزبان ٹیم نے پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میں شان مسعود کی ٹیم کو 360 رنز سے شکست دے دی تھی۔