پاکستان

بلاول بھٹو نے اقتدار میں آکر 17 وزارتیں بندکر کے 300 ارب روپے عوام پر خرچ کرنے کا دعوی کردیا

محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب پورا ہوتے دیکھ رہا ہوں، ہم مل کرمحنت کریں گے، چیئرمین پیپلز پارٹی

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اقتدار میں آکر 17 وزارتیں بند اور 300 ارب روپے عوام پر خرچ کرنے کا اعلان کردیا۔

نوابشاہ کے بختاور کیڈٹ کالج برائے خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے باوجود 17 وزارتیں صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں، ہم ان شاء اللہ یہ وزارتیں ختم کریں گے، ان پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب پورا ہوتے دیکھ رہا ہوں، ہم مل کرمحنت کریں گے، ملکی ترقی میں حصہ ڈالیں گے، ہم عوام کی تکالیف اور مسائل کو حل کرسکتے ہیں، ہم اس وقت کافی مسئلوں سے مقابلہ کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پرانے سیاستدان ملک کا ماضی اور نوجوان مستقبل ہیں، ہمیں تاریخی بے روزگاری اور غربت کا مقابلہ کرنا ہے، معاشی بحران اور موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنا ہے، محنت اور لگن سے ہی پاکستان اپنا منفرد مقام بنائے گا، ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہوگا، لوگوں کو مہنگائی کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، مزدوروں کے لیے مزدور کارڈ اور نوجوانوں کے لیے یوتھ کارڈ لائیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام دوست منشور متعارف کرایا ہے، بے روزگاری کے خاتمےکے لیے اصلاحات متعارف کرائیں گے، مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا، کسانوں کو براہ راست سبسڈی دی جائے گی، کسان خوشحال ہوگا تو ہم دنیا کا مقابلہ کرسکیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی، تعلیم اور روزگار نوجوانوں کا حق ہے، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست ختم کریں تو مسائل حل ہوں گے، کسان خوشحال ہوگا تو ہم دنیا کا مقابلہ کرسکیں گے، خواتین اور نئی نسل نے ہی ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔