دنیا

اسرائیل سے منسلک بحری جہاز پر حملہ، امریکا کا ایران پر ڈرون فائر کرنے کا الزام

لائبیریا کے پرچم بردار بحری پر ایران کی جانب سے فائر کیے گئے ڈرون سے حملہ کیا گیا، یہ 2021 سے اب تک تجارتی جہازوں پر ایران کا ساتواں حملہ ہے، پنٹاگون

پنٹاگون نے کہا ہے کہ اسرائیل سے منسلک ایک تجارتی بحری جہاز پر بھارت کے قریب ایرانی ڈرون سے حملہ کیا گیا۔

امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹر پنٹاگون کے ترجمان نے خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ جاپان کی زیر ملکیت لائبیریا کے پرچم بردار بحری پر ایران کی جانب سے فائر کیے گئے ڈرون سے ہفتہ کو بھارتی ساحل سے 200 ناٹیکل میل دور مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے حملہ کیا گیا۔

پنٹاگون نے کہا ہے کہ یہ 2021 سے اب تک تجارتی جہازوں پر ایران کا ساتواں حملہ ہے۔

اے ایف پی کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ ڈچ کمپنی کی جانب سے چلائے جانے والے اس جہاز سے امریکی فوج مسلسل رابطے میں ہے اور اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ جہاز پر لگنے والی آگ کو بجھا دیا گیا تھا۔

پنٹاگون نے کہا کہ جس وقت تجارتی بحری جہاز پر حملہ کیا گیا اس وقت قریب میں کوئی بھی امریکی بحریہ کا جہاز موجود نہیں تھا۔

برطانوی فوج کے یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا تھا کہ ہفتے کو پیش آنے والے اس واقعے میں بحری جہاز میں آگ لگ گئی جس کو بروقت بجھا دیا گیا۔

میری ٹائم سیکیورٹی کمپنی ایمبرے کے مطابق سعودی عرب سے بھارت کیمیائی سامان اور دیگر اشیا لے کر جانے والا لائبیریا کا پرچم بردار یہ بحری جہاز اسرائیل سے منسلک تھا۔

اس حملے کی ذمے داری کسی نے قبول نہیں کی تھی لیکن عموماً اس طرح کے حملے یمن کے حوثی باغی کرتے ہیں اور غزہ پر اسرائیلی بمباری کے بعد سے ان حملوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

غزہ: جبالیہ میں اسرائیل کی شدید بمباری، 24 گھنٹے میں مزید 166 فلسطینی شہید

کراچی: کورنگی اور اورنگی ٹاؤن میں عوام کے تشدد سے 2مشتبہ ڈاکو ہلاک

پنجاب: فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے راناثنااللہ کی گاڑی کو حادثہ